بنگلورو،3؍اپریل(ایس او نیوز) 12 مئی کو منعقدہ اسمبلی انتخابات میں ریاست کے وزیراعلیٰ سدرامیا مورخہ 23 اپریل کو چامنڈیشوری اسمبلی حلقہ سے کانگریس امیدوار کے طور پر اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کریں گے۔
اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے سدرامیا نے بتایا کہ اس حلقہ سے انہوں نے اب تک سات مرتبہ انتخاب لڑا ہے۔ اور پانچ مرتبہ کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چامنڈیشوری حلقے کے عوام نے ہمیشہ ان کا ساتھ دیا ہے اور انہیں یقین ہے کہ اس بار بھی اس حلقے کے عوام ان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔سدرامیا نے کہاکہ ان کا یہ آخری انتخاب ہے اسی لئے انہوں نے طے کیا ہے کہ اسی حلقے سے وہ دوبارہ انتخاب لڑیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کچھ حلقوں سے یہ خبریں عام کی جارہی ہیں کہ وہ اس بار چامنڈیشوری حلقے سے انتخاب نہیں لڑیں گے یہ خبر بالکل غلط اور بے بنیاد ہے۔ انہوں نے تہیہ کرلیا ہے کہ اسی حلقے سے وہ اپنی قسمت آزمائیں گے۔